نئی دہلی۔ کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کے لئے دنیا بھر میں تحقیق ہو رہی ہے۔ اس درمیان ہندستانی کمپنی بھارت بائیوٹیک دیسی کورونا وائرس ویکسین ‘کوویکسن’ پر کام کر رہی ہے۔ ڈرگس کنٹرولر جنرل آف انڈیا نے کمپنی کو اس ویکسین کے تیسرے مرحلے کے ٹرائل کو منظوری دے دی ہے۔ وہیں، کمپنی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی یہ دیسی ویکسین اگلے سال یعنی جون 2021 تک لانچ ہونے کے پورے امکانات ہیں۔
حیدرآباد واقع کمپنی نے 2 اکتوبر کو ڈی سی جی آئی کو درخواست دے کر اپنے ٹیکے کے تیسرے مرحلے کے لئے ٹیسٹ کی اجازت مانگی تھی۔ کمپنی کا منصوبہ 12 سے 14 ریاستوں کے تقریبا 20000 سے زیادہ لوگوں کو اس ٹرائل میں شامل کرنے کا ہے۔ بھارت بائیوٹیک انٹرنیشنل لمٹیڈ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سائی پرساد نے بتایا کہ اگر سبھی طرح کی اجازت کمپنی کو ٹھیک وقت پر مل گئی تو ایسے میں امکان ہے کہ 2021 کی دوسری سہ ماہی تک ویکسین کے تیسرے طبی ٹرائل کی سبھی صلاحیتوں اور نتیجوں کے بارے میں ہمیں پتہ چل جائے گا۔
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کے تعاون سے تیار ویکسین ایسا ٹیکہ ہے جس میں طاقتور مدافعتی نظام تیار کرنے کے لئے کووڈ۔19 وائرس کے ‘ مارے گئے وائرس’ کو جسم میں انجیکٹ کیا جاتا ہے۔
وہیں، ہندستان میں سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا بھی کورونا وائرس انفیکشن کی ویکسین ‘ کووی شیلڈ’ بنا رہا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ اس کا کام بھارت بائیوٹیک سے آگے چل رہا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ سیرم انسٹی ٹیوٹ نے تیسرے مرحلے کے ٹرائل کے لئے لوگوں کا سلیکشن کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔ سائی پرساد نے کہا ‘ ہم اپنے سبھی مرحلوں۔ مرحلہ 1، مرحلہ 2 اور مرحلہ 3 کلینکل ٹرائل کو پوری طرح سے کرنے کے تئیں پابند عہد ہیں’۔