نئی دہلی:راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کیرالہ سے شروع ہو کر گھنٹہ گھر لال چوک، سری نگر، جموں و کشمیر میں اختتام پذیر ہوئی۔ جس کے بعد ایک پریس کانفرنس کے دوران راہل گاندھی نے مہنگائی، بے روزگاری اور نفرت کی سیاست کے موضوع پر بھارتیہ جنتا پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔
انہوں نے ساتھ ہی بھارتیہ جنتا پارٹی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو جموں سے کشمیر کے سرینگر لال چوک تک یاترا نکالنے کا چیلنج دیا ۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اگر جموں و کشمیر کے حالات ٹھیک ہیں تو بی جے پی والے جموں و کشمیر سے سری نگر لال چوک تک یاترا کیوں نہیں نکالتے؟ راہل گاندھی نے کہا وہ لوگوں سے ملے لیکن لوگ خوش نہیں، ان میں کوئی جوش نہیں ہے ۔راہل گاندھی نے کہا ان کا ماننا ہے کہ جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ ملنا چاہئے اور جمہوری نظام نافذ ہونا چاہئے ۔