واشنگٹن: خلائی سفر کے شوقین نامعلوم شخص نے ایمازون کے مالک جیف بیزوس کے ساتھ 10 منٹ کےخلائی سفر کے لیے 28 ملین ڈالر میں سیٹ بک کروالی۔ خلا کی وسعتوں میں گھومنا کس کا خواب نہیں، اس خواب کی تعیر کے لیے دنیا کے امیر ترین فرد اور ایمازون کے مالک جیف بیزوس نے تجارتی بنیادوں پر خلائی سیر کروانے والی کمپنی ’ بلیو اوریجن‘ قائم کی۔
بلیو اوریجن نے ایک ماہ قبل 10 منٹ کی خلائی سیر کی نشست حاصل کرنے کے خواہش مند فرد کے لیے آن لائن نیلامی کا سلسلہ شروع کیا، جس میں دنیا کے 140 سے زائد ممالک کے شہریوں نے حصہ لیا۔ گزشتہ روز ہونے والی نیلامی میں 28 ملین ڈالی کی سب سے زیادہ بولی لگانے والے ایک خوش نصیب کو جیز بیزوس کے ساتھ خلائی سفر پر جانے کے لیے منتخب کرلیا گیا۔ تاہم ابھی تک کام یاب بولی لگانے والے فاتح کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
ایک ماہ تک جاری رہنے والی نیلامی میں جمعے تک سب سے زیادہ بولی 5 ملین ڈالر کی لگی تھی، تاہم گزشتہ روز (ہفتے) ہونے والی نیلامی میں ایک فرد خلائی نشست کے لیے 28 ملین ڈالر کی بولی لگادی، جو کہ پہلے لگائی جانے والی بولی سے 5 گنا زائد ہے۔ کام یاب بولی دہندہ 10 منٹ کے اس خلائی سفر میں جیف بیزوس، ان کے بھائی مارک اور ایک خلائی سیاح کے ہمراہ سفر کریں گے۔
بلیو اوریجن انتظامیہ نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ خلائی سفر کے لیے نشست کی نیلامی کا مقصد بلیو اوریجن فاؤنڈیشن کے لیے عطیہ جمع کرنا تھا اور نیلامی سے حاصل ہونے والی 28 ملین ڈالر کی خطیر رقم فاؤنڈیشن کو عطیہ کردی جائے گی۔
یاد رہے کہ بلیو اوریجن نے مسافروں کو خلا میں لے جانے کے لیے دوبارہ استعمال کے قابل راکٹ بنایا گیا ہے۔