چار دہائیوں تک اپنی اداکاری سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ سجانے والے 81 سالہ ورسٹائل اداکار قادر خان کو شدید علالت کے باعث کینیڈا میں ہسپتال داخل کرالیا گیا۔
قادر خان گزشتہ چند سال سے بیمار ہیں اور انہوں نے اپنی مصروفیات بھی قدرے کم کر رکھی ہیں۔
اگرچہ قادر خان گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ’مستی نہیں سستی’ میں بھی اداکاری کرتے نظر آئے تھے، اس سے قبل وہ 2016 میں ’امن کے فرشتے’ فلم میں بھی نظر آئے، 2015 میں وہ ’ہوگیا دماغ کا دہی’ میں بھی نظر آئے تھے، تاہم وہ زیادہ تر تقریبات میں جانے سے گریز کرتے ہیں۔
قادر خان گزشتہ کئی سال سے کینیڈا میں مقیم ہیں اور انہیں وہاں کی شہریت بھی حاصل ہے۔
تقسیم ہند سے قبل 1927 میں افغانستان میں پیدا ہونے والے قادر خان نے 1971 سے کیریئر کا آغاز کیا اور گزشتہ 47 سال سے انہوں نے 300 سے زائد فلموں میں اداکاری کی۔
شاندار اداکاری کے باعث درجنوں ایوارڈ اپنے نام کرنے والے قادر خان نے 250 فلموں کے ڈائلاگس بھی لکھے، جب کہ اسٹیج پر بھی اداکاری کی۔