جینت چودھری نے اپنی پارٹی آر ایل ڈی کو این ڈی اے میں شامل کر کے مرکزی وزارت تو حاصل کر لی لیکن ان کی پارٹی کے لیڈران ان کا ساتھ چھوڑتے چلے جا رہے ہیں۔
اس سے پہلے قومی نائب صدر شاہد صدیقی، قومی جنرل سکریٹری عقیل الرحمان خان اور وجیندر چودھری پارٹی چھوڑ چکے ہیں۔ اب پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری بھوپندر چودھری نے پارٹی کے تمام عہدوں سمیت بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
بھوپندر چودھری نے سوشل میڈیا کے ذریعے آر ایل ڈی سے اپنی علاحدگی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ میں راشٹریہ لوک دل کے لیڈروں اور کارکنوں کی طرف سے دیے گئے پیار، تعاون اور احترام کے لیے شکر گزار رہوں گا۔ بھاری دل کے ساتھ آج میں راشٹریہ لوک دل کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دیتا ہوں۔ جئے جوان جئے کسان۔
واضح رہے کہ آر ایل ڈی کے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کی وجہ سے پارٹی کے بہت سے لیڈران ناراض ہیں اور اسی ناراضگی کی وجہ سے وہ پارٹی چھوڑ رہے ہیں۔ این ڈی اے میں شامل ہونے کے بعد جینت چودھری کو نئی حکومت میں وزیر بنایا گیا ہے۔ وہ پہلی بار مرکزی وزیر بنے ہیں۔
انہیں این ڈی اے حکومت میں وزارت تعلیم میں وزیر مملکت بنایا گیا ہے، لیکن ان کی پارٹی کے کئی ناراض لیڈران اب مکمل بغاوت پر اتر آئے ہیں۔ نیوز پورٹل اے بی پی کے مطابق آنے والے دنوں میں کچھ اور ناراض لیڈران آر ایل ڈی چھوڑ کر کسی دیگر پارٹی میں شامل ہو سکتے ہیں۔