پٹنہ۔ بہار کے 243 اسمبلی حلقوں کی بقیہ 172 میں سے 94 سیٹوں پر دوسرے مرحلہ کے تحت آج سخت حفاظتی انتظامات کے مابین ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ اس مرحلے میں مہاگٹھ بندھن کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار تیجسوی یادو کی قسمت کا فیصلہ ہو گا۔ اس مرحلے میں این ڈی اے میں شامل بی جے پی کے 46، جے ڈی یو کے 43 اور وی آئی پی کے 5 امیدوار میدان میں ہیں۔
جبکہ اپوزیشن مہاگٹھ بندھن میں شامل آر جے ڈی کے 56 امیدوار، کانگریس کے 24 اور لیفٹ پارٹیوں کے 14 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔ لوک جن شکتی پارٹی کے 52 امیدوار میدان میں ہیں۔ تقریبا 2.85 کروڑ رائے دہندگان انتخابی میدان میں اترے کل 1463 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔
بہار میں ووٹنگ کے لئے پولنگ بوتھ پر ووٹروں کی طویل قطار ہے۔ پٹنہ میں ایک لڑکی اپنی دادی کو سائیکل پر بٹھا کر پولنگ بوتھ پہنچی۔
لوک جن شکتی پارٹی کے سربراہ چراغ پاسوان نے کھگڑیا کے پولنگ بوتھ پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آج جمہوریت نے تقدیر بدلنے کا ایک بار پھر موقع دیا ہے۔
بہار میں دوسرے مرحلے کے لئے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ صبح صبح ہی ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ سشیل مودی نے پٹنہ میں ووٹ ڈالا۔ سشیل مودی نے یہاں لوگوں سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔
چیف الیکشن افسر سنجے کمار سنگھ نے یہاں بتایا کہ 03 نومبر کو عام طور پر ووٹنگ کا وقت صبح سات بجے سے شام چھ بجے تک رہے گا۔ لیکن انتظامی وجوہات کی بناپر کھگڑیا کے بیلدور اور الولی اسمبلی حلقہ ، دربھنگہ ضلع کے کوشیشور استھان اور گوڑا بورام اسمبلی حلقہ ، مظفر پور ضلع کے مینا پور ، پارو اور صاحب گنج اور ویشالی ضلع کے راگھو پور اسمبلی حلقہ میں ووٹنگ صبح سات بجے سے شام چار بجے تک ہوگی ۔