بہار میں پہلے مرحلہ کیلئے ووٹنگ جاری ہے ۔ اس درمیان وزیر اعظم مودی نے دوسرے مرحلہ کی انتخابی تشہیر کیلئے دربھنگہ میں ایک ریلی سے خطاب کیا ۔ وزیر اعظم مودی نے اپنی تقریر کی شروعات میکھلی زبان میں کی ۔ انہوں نے کہا کہ آج پہلے مرحلہ کی ووٹنگ چل رہی ہے ۔ ہماری اپیل ہے کہ کورونا کو لے کر پوری احتیاط برتیں ۔
وزیر اعظم مودی نے ماتا سیتا کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ صدیوں کی تپسیا کے بعد رام مندر کی تعمیر کا کام ہورہا ہے ، جو لوگ ہم سے تاریخ پوچھا کرتے تھے وہ بھی آج تالیاں بجا رہے ہیں ۔ آپ لوگ اس کے اصل حقدار ہیں ۔ بی جے پی اور این ڈی اے کی پہچان ہے جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں ۔ پہلی مرتبہ ہورہا کہ انتخابی منشور کے حساب سے تجزیہ کیا جارہا ہے کہ حکومت آگے کونسا قدم اٹھائے گی ۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ماتا سیتا کے اس علاقہ میں آکر میں یہاں کے لوگوں کو رام مندر کی تعمیر کی مبارکباد دیتا ہوں ، کیونکہ آپ اس کے اصل حقدار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج کسان کے کھاتے میں ایک لاکھ کروڑ روپے کی مدد جمع کرائی جا چکی ہے ۔ تقریبا 40 ہزار کروڑ لوگوں کا کھاتہ کھل چکا ہے ۔ ہم نے کہا تھا کہ ہر غریب بیٹی کے گھر میں مفت گیس کنیکشن پہنچائیں گے ، ہم نے بہار کی تقریبا 90 لاکھ بیٹیوں کو دھنوئیں سے نجات دلائی ۔ ہم نے مفت علاج کا وعدہ کیا تھا ، آج بہار کے بھی ہر غریب کو یہ سہولت مل رہی ہے ۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ کورونا کے بحران میں کہا تھا کہ ہر غریب کو مفت میں اناج دیں گے ، یہ بھی ہورہا ہے ۔ دنیا کو حیرانی ہورہی ہے کہ اتنا بڑا انتظام ہم اتنے بڑے بحران میں کیسے کر پائے ۔ چھٹ پوجا تک مفت راشن کا انتظام کیا گیا ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پہلے حکومت میں رہنے والوں کا منتر رہا ہے کہ پیسہ ہضم ، اسکیم ختم ۔ انہیں کمیشن لفظ سے اتنی محبت تھی کہ کنیٹیویٹی پر توجہ نہیں دی ۔ این ڈی اے کی حکومت بننے کے بعد اور یہاں نتیش جی کی طاقت ملنے کی وجہ سے کوسی مہاسیتو کا کام تیزی سے آگے بڑھا ۔