بہار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کو عوام نے ایک مرتبہ پھر موقع دیا ہے ۔ حالانکہ اس مرتبہ حالات تھوڑے بدلے ہوئے ہیں ۔ ہر مرتبہ چھوٹے بھائی کے رول میں رہنے والی بی جے پی ریاست میں دوسرے نمبر کی پارٹی بن کر ابھری ہے اور سب سے زیادہ سیٹیں پاکر نمبر ون کی پارٹی بنی آر جے ڈی کے پاس حکومت بنانے کیلئے صرف 12 سیٹوں کی کمی ہے ۔
جنتادل یونائٹیڈ کو اس مرتبہ کافی نقصان ہوا ہے اور وہ صرف 43 سیٹوں پر ہی جیت حاصل کرپائی ہے ۔ حالاکہ بی جے پی نے واضح کیا ہے کہ ریاست کے وزیر اعلی نتیش کمار ہی رہیں گے ۔
اس درمیان مہاگٹھ بندھن بھی اپنے داو پیچ آزما رہی ہے ۔ آر جے ڈی کی زیر قیادت پانچ پارٹیوں کے مہاگٹھ بندھن نے ابھی امید نہیں چھوڑی ہے ۔ وہ اپنے دو سابق ساتھیوں سے رابطے میں ہے جو فی الحال این ڈی اے کا حصہ ہیں ۔ انگریزی اخبار دی انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ آر جے ڈی مکیش ساہنی کی قیادت والی وکاس شیل انسان پارٹی اور سابق وزیر اعلی جیتن رام مانجھی کے ہندوستانی عوام مورچہ سیکولر کے رابطے میں ہے ۔ ساتھ ہی پارٹی حیدرآباد سے ممبر پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کی پارٹی اے آئی ایم آئی ایم سے بھی بات کررہی ہے ۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اگر یہ سیٹیں مہا گٹھ بندھن کے حصے میں آجاتی ہیں تو بات بن سکتی ہے ۔
بتادیں کہ ہم اور وی آئی پی دونوں پارٹیاں پہلے مہا گٹھ بندھن کا حصہ تھیں ، لیکن انتخابات سے عین قبل بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے میں چلی گئی تھیں ۔ رپورٹ کے طابق آر جے ڈی کے ذرائع نے کہا کہ ایک کوشش کرنے میں کیا جاتا ہے ؟ اگر وی آئی پی اور ہم ہمارے ساتھ آجائیں تو یہ یقینی ہے کہ ان کیلئے فائدے کی بات ہوگی ۔ ہم انہیں این ڈی اے سے بہتر جگہ دیں گے ۔ ایم آئی ایم ہمیں حمایت دینے کیلئے راضی ہے ۔
ذرائع نے کہا کہ ابھی تک کوئی مثبت جواب نہیں آیا ہے ، لیکن ہمارے راستے ہمیشہ کھلے ہیں ۔ مکیش ساہنی نائب وزیر اعلی بننا چاہتے ہیں ، جو ہماری پارٹی بنانے کیلئے تیار ہے ۔
ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق وی آئی پی اور ایچ اے ایم کے لیڈروں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آر جے ڈی ان کے رابطے میں ہے ، لیکن ابھی این ڈی اے کو چھوڑ کر جانے کا فیصلہ نہیں ہوا ہے ۔ وی آئی پی کے ذرائع نے کہا کہ ہمیں نائب وزیر اعلی اور وزیر عہدہ کی پیشکش کی جارہی ہے ۔ ہم نے اپنے لیڈروں کے ساتھ اس پر بات چیت کی ، لیکن ہم این ڈی اے میں خوش ہیں ۔ اس کے علاوہ اگر ہم اتنی جلدی ادھر ادھر جائیں گے تو یہ ہمارے کیڈر میں غلط پیغام بھیج سکتا ہے ۔
ادھر ایچ اے ایم لیڈر نے بھی آر جے ڈی کی تجویز کی تصدیق کی ہے ۔ لیڈر نے کہا کہ ان کے واپس جانے کا کوئی سوال ہی نہیں ہے ، وہ ابھی تک اپنی بے عزتی نہیں بھولے ہیں ۔ این ڈی اے میں ہمارا خیال رکھا جائے گا ۔
ایم آئی ایم کی بہار یونٹ کے صدر اختر الایمان نے کہا کہ تقسیم کرنے والی طاقتوں کو اقتدار میں واپس آنے سے روکنے کیلئے ہمیں جو کچھ بھی کرنا ہوگا ، ہم کریں گے ۔ یہ صحیح ہے کہ لوگوں کے مینڈیٹ کا احترام کیا جانا چاہئے ، ہم اس کا احترام کریں گے اور اس کے مطابق فیصلہ کریں گے ۔