پٹنہ،7 نومبر(یواین آئی) بہار میں تیسرے اور آخری مرحلے میں پندرہ اضلاع اور 78 اسمبلی نشستوں کے لئے اور والمیکی نگر لوک سبھا نشست کے ضمنی انتخابات میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ووٹنگ آج صبح 7 بجے سے شروع ہوگئی۔
ریاستی الیکشن آفس کے مطابق ان 78 اسمبلی نشستوں کے لئے 33782 پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ صبح سات بجے شروع ہوئی ، جو شام چھ بجے تک چلے گی۔ لیکن سیکیورٹی وجوہات کی بناء پرمغربی چمپارن ضلع میں والمیکی نگر اور رام نگر (محفوظ) اور ضلع سہرسہ کے سمری بختیار پور اور مہیشی اسمبلی حلقوں میں صبح سات بجے سے شام چار بجے تک پولنگ ہوگی۔ والمیکی نگر پارلیمانی حلقہ کے لئے ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ بھی صبح سات بجے شروع ہوگئی۔
ضلع نالندہ کے ہلسا اسمبلی حلقہ کی تین ووٹنگ سینٹر کی دوبارہ پولنگ بھی ہورہی ہے۔ اس حلقے کے پولنگ بوتھ نمبر 52 ، 52 (الف) اور 55 کی دوبارہ ووٹنگ کرائی جارہی ہے۔ 3 نومبر کو ہلسا میں پولنگ مکمل ہونے کے بعد بیلٹ باکس کو اسٹور روم میں لے جایا جارہا تھا ، اس دوران حادثے کی وجہ سے تین پولنگ بوتھوں کی الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) پانی میں گر گئی۔ اس کی اطلاع فوری طور پر کمیشن کو دی گئیں۔ اس کے بعد کمیشن نے دوبارہ انتخابات کا حکم دیا۔