سمستی پور، 13 اگست (یو این آئی) بہار میں ضلع سمستی پور کے چکمہسی تھانہ علاقے میں تالاب میں ڈوبنے سے ایک ہی کنبہ کے چار لوگوں کی موت ہوگئی۔
پولس ذرائع نے ہفتہ کے روز یہاں بتایا کہ ضلع کے بیلسنڈی گاؤں کی رہنے والی چمپا دیوی کا 10 سالہ بیٹا گوتم کمار جمعہ کی دیر شام رفع حاجت کے لیے گیا تھا۔ اس دوران پاؤں پھسلنے سے وہ تالاب میں گر کر ڈوب گیا۔
اسے ڈوبتا دیکھ کر ماں چمپا دیوی، بہن آنچل کماری اور کاجل کماری بھی تالاب کے گہرے پانی میں کود گئیں، جس میں ڈوب کر سب کی موت ہوگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو نکالنے کے لیے تلاش شروع کردی۔ غوطہ خوروں کی مدد سے آج چاروں لاشیں نکال لی گئی ہیں۔پولس نے تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سمستی پور صدر اسپتال بھیج دیا ہے۔