پٹنہ : وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج مظفر پور کے ایس کے ایم سی ایچ احاطہ میں واقع ہومی بھابھا کینسر اسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر میں بدھا آپریشن تھیٹر کمپلیکس کافیتاکاٹ کر افتتاح کیا۔ افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ نے آپریشن تھیٹر، آئی سی یو وغیرہ کا معائنہ کیا اور فراہم کی جانے والی صحت سے متعلق سہولیات کے بارے میں مریضوں سے دریافت کیا۔
معائنہ کے دوران افسران کو ہدایات دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ ڈاکٹروں، اسپتال کے کارکنوں اور داخل مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اب مجبوری میں علاج کے لیے بہار سے باہر جانے کی ضرورت نہیں ہے اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے پورے بہار میں اس سمت میں تیزی سے کام کیا جا رہا ہے ۔ اگر یہاں کوئی مسئلہ ہے تو اسے جلد حل کریں۔
یہاں بہت اچھا کام ہوا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے اسپتال میں زیر علاج مسز سنیتا دیوی کو بہتر علاج کے لیے وزیراعلی میڈیکل ریلیف فنڈ سے 5 لاکھ روپے کی امدادی رقم دی۔
وزیر اعلیٰ نے ہومی بھابھا کینسر اسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر مظفر پور میں نرسنگ ہاسٹل کے سنگ بنیاد کی نقاب کشائی کی اور ریموٹ کے ذریعے مختلف اسکیموں کا افتتاح کیا۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہاں داخل ہونے والے مریضوں کو ہر طرح کی سہولیات ملیں، ڈاکٹروں اور اسپتال کے کارکنوں کے لیے رہائش کی بہتر سہولتیں دستیاب ہوں اس کے لئے ریاستی حکومت ہرقسم کی مدد دینے کو تیار ہے ۔
وزیر اعلیٰ نے ہومی بھابھا کینسر اسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر، مظفر پور میں زیر تعمیر سنٹر فار کینسر ایپیڈیمولوجی یونٹ کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران ایڈیشنل چیف سکریٹری صحت مسٹر پرتیے امرت نے وزیر اعلیٰ کو زیر تعمیر ایپیڈیمولوجی یونٹ کی افادیت اور یہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی صحت سے متعلق سہولیات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔
انہوں نے بتایا کہ اس کینسر ایپیڈیمولوجی یونٹ کو بنکر جیسا بنایا جا رہا ہے جس کی دیواریں بہت موٹی ہیں تاکہ کینسر کے مریضوں کو دی جانے والی تھریپی کے مضر اثرات نہ پہنچ سکیں۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس کا تعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل ہونا چاہیے ۔ آج نرسنگ ہاسٹل کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا ہے ، اس کی تعمیر کا کام جلد شروع کیا جائے تاکہ یہ جلد از جلد تیار ہو سکے ۔
تعمیراتی کام اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے کہ یہاں رہنے والے طلبہ کو ہر قسم کی سہولت میسر ہو۔
اس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہاں جو بھی تعمیراتی کام جاری ہے وہ اس سال کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
اب لوگوں کو علاج کے لیے باہر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ یہاں میڈیکل کالج کو بھی وسیع کریں گے ۔
یہاں بیڈ کی تعداد 2500 تک بڑھا دی جائے گی۔ یہاں تمام کام سوچ سمجھ کر کیے جا رہے ہیں تاکہ لوگوں کو سہولت ملے ۔ ہم پہلے بھی یہاں آ چکے ہیں اور یہاں کے تمام کام دیکھ چکے ہیں۔
کام مکمل ہونے پر ہم پھر آکر دیکھیں گے ۔ اگر ممکن ہو تو آپ لوگوں کو یہاں ہونے والے ترقیاتی کاموں کے بارے میں بھی بتائیں۔ ریاست میں صحت کے شعبے میں بہت بہتر کام ہو رہا ہے ، اس کے بارے میں بھی لوگوں کو بتائیں۔ بہتر علاج کے لیے مریضوں کو چیف منسٹر میڈیکل ریلیف فنڈ سے مدد فراہم کی جاتی ہے تاکہ غریب اور پسماندہ طبقے کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ مظفر پور کے گائے گھاٹ میں کشتی حادثے کے حوالے سے صحافیوں کے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ واقعہ بہت افسوسناک ہے ۔ ہم نے ڈی ایم کو راحت اور بچا [؟] کے کاموں سے متعلق ہدایات دی ہیں۔
متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ نے ہومی بھابھا کینسر اسپتال اور ریسرچ سینٹر میں چلنے والے ماڈیولر اسپتال کا بھی معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران وزیر اعلیٰ نے وہاں زیر علاج مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے حوالے سے معلومات حاصل کی۔
انفینٹ انٹینسیو کیئر یونٹ کم ریسرچ سنٹر کے مختلف وارڈز کا معائنہ کرنے کے بعد وزیراعلیٰ نے زیر علاج بچوں سے بات چیت کی اور انہیں ملنے والی سہولیات اور ان کی صحت کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔
وزیر اعلیٰ نے انفینٹ انٹینسیو کیئر یونٹ کم ریسرچ سنٹر کی چوتھی منزل پر واقع سیمینار ہال میں افسران اور ڈاکٹروں کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی۔ جائزہ کے دوران، ہومی بھابھا کینسر اسپتال، مظفر پور کی ترقی کی رپورٹ وزیر اعلیٰ کے سامنے پیش کی گئی۔ پرزنٹیشن میں ہومی بھابھا کینسر اسپتال اور ریسرچ سنٹر کی چہاردیواری، ماڈیولر اسپتال، او پی ڈی، کیموتھراپی، آئی پی ڈی، سرجیکل سروسز، مریضوں کی مشاورت، دستیاب مالی امداد اور دستیاب دیگر سہولیات اور مریضوں کے علاج و معالجے کے بارے میں تفصیلی معلومات دی گئیں۔.
پریزنٹیشن کے دوران محکمہ صحت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر پرتیے امرت نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ بہار کے تمام 38 اضلاع میں ہومی بھابھا کینسر اسپتال کے ذریعہ 9 لاکھ لوگوں کی کینسر اسکریننگ کی گئی ہے ۔ بہار میں مختلف مقامات پر کینسر کے مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
کسی بھی جگہ کینسر میں مبتلا مریضوں کو دو گھنٹے کے فاصلے پر علاج شروع کرنے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے تاکہ ان کا علاج بروقت شروع ہوسکے ۔ دور دراز کے دیہی علاقوں میں کینسر سے متعلق بیداری کے پروگرام مسلسل چلائے جا رہے ہیں۔
کینسر کی اسکریننگ کا فائدہ یہ ہے کہ کینسر کے دو تہائی مریضوں کا ابتدائی مرحلے میں پتہ چل جاتا ہے جس سے ان کا علاج آسان ہوجاتا ہے ۔ مظفر پور کے 50 کلومیٹر کے علاقے میں رہنے والے ایڈوانس کینسر میں مبتلا مریضوں کے گھر پر علاج کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
جائزہ کے دوران وزیر اعلی نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ یہاں کام بہتر طریقے سے ہو اور مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ کام میں تیزی لائی جائے تاکہ تعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل ہو۔ ریاستی حکومت کی طرف سے ہر طرح کی مدد فراہم کی جائے گی۔
ریاستی حکومت ڈاکٹروں کے یہاں رہنے کے لیے رہائش اور گاڑیوں کا بندوبست کرنے کے لیے جو بھی رقم درکار ہو گی فراہم کرے گی۔ ہومی بھابھا کینسر اسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر، مظفر پور کی با [؟]نڈری وال کی تعمیر کا کام صحیح طریقے سے کیا جائے تاکہ کوئی بھی سماج دشمن عناصر کوئی خلل پیدا نہ کر سکے ۔
سڑکوں کو اچھی حالت میں رکھیں تاکہ لوگ آسانی سے سفر کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم 2006 سے تمام سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات فراہم کر رہے ہیں۔ یہاں بہت اچھا کام ہو رہا ہے ۔وزیر اعلیٰ کو مومینٹو اورشال پیش کر کے اعزاز سے نوازا گیا۔اس موقع پرممبر اسمبلی مسٹر پنکج کمار مشرا،رکن اسمبلی مسٹر منا یادو، ایم ایل اے مسٹر امر پاسوان، قانون ساز کونسل کے رکن مسٹر دنیش سنگھ، وزیراعلی کے پرنسپل سکریٹری مسٹر دیپک کمار، محکمہ صحت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر پرتیہ امرت، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری انوپم کمار، ترہت ڈویژن کے کمشنر مسٹر گوپال مینا، بی ایم ایس آئی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹرمسٹر دنیش کمار،ڈی ایم مظفر پورمسٹر پرنو کمار، مظفر پور کے انچارج ایس ایس پی مسٹراروند پرتاپ سنگھ اور دیگر معززین، منیجرز، ہومی بھابھا کینسر ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر مظفر پور کے ڈاکٹر، اسپتال کے کارکنان اور دیگر سینئر افسران موجود تھے ۔