بجنور ، 31 اکتوبر ( یواین آئی) اتر پردیش کے ضلع بجنور کے نھاٹور علاقے میں ایک تیز رفتار کار کے الٹ جانے سے اس میں سوار چار افراد کی موقع پر ہی موت جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع نے ہفتہ کے روز یہاں بتایا کہ بریلی کے بارہ دری علاقہ کے رواڈی ٹولہ کے رہنے والے پانچ افراد جمعہ کی شب ایک کار میں روڑکی جا رہے تھے۔ اسی درمیان نہٹورکے علاقے میں تیز رفتار کار بے قابو ہوگئی اور گڑھے میں الٹ گئی۔
انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں چار افرادکی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔
حادثہ کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے زخمیوں اور کار میں پھنسے ہوئے لوگوں کی لاشیں نکالیں۔ ان لاشوں کی شناخت اسرار، راجو ، تنویر اور چھوٹو کے نام سے ہوئی ہے ۔ شدید زخمی حنیف عرف ببلو کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ کار میں سوار تمام افراد بریلی سے روڑکی جا رہے تھے۔ پولیس نے اس امکان کا اظہار کیا ہے کہ اچانک موڑ آنے کے سبب کار حادثے کا شکار ہوگئی۔ یہ حادثہ رات میں تقریبا ایک بجے پیش آیا۔