بھارتی کامیڈین، میزبان و اداکار کپل شرما کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہوگئی اور انہوں نے یہ خبر سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے مداحوں کو بتائی۔
چند دن قبل ہی کپل شرما نے تصدیق کی تھی کہ وہ ان کا ٹی وی شو کچھ عرصے کے لیے بند کیا جا رہا ہے اور بعد ازاں انہوں نے ٹوئٹر پر مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع ہے، جس وجہ سے انہوں نے شو بند کیا۔
کپل شرما نے اگرچہ بتایا تھا کہ ان کے ہاں جلد دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ کب تک ان کے ہاں بچے کی پیدائش ہوگی۔
تاہم یکم فروری کو انہوں نے اپنی ٹوئٹ اور دیگر سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے تصدیق کی کہ ان کے ہاں بچے کی پیدائش ہوگئی۔
کپل شرما نے خدا کے شکرانے ادا کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے اور ماں اور بچہ دونوں صحت مند ہیں۔
اداکار و میزبان نے دعائیں اور نیک تمنائیں کرنے پر تمام مداحوں کا شکریہ ادا کیا، تاہم انہوں نے بیٹا کا نام نہیں بتایا اور نہ ہی انہوں نے بیٹے اور اہلیہ کی تصویر شیئر کی۔