نئی دہلی ؛مشرقی دہلی لوک سبھا سیٹ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) امیدوار گوتم گمبھیر نے اپنے حریف امیدوار عام آدمی پارٹی (آپ) کی آتشی مارلینا کے خلاف مبینہ طور پر ’قابل اعتراض‘ پرچے تقسیم کئے جانے کے معاملے میں خود کو ملزم بنائے جانے کے تعلق سے ’آپ‘ کے تین سینئر لیڈروں کو جمعہ کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا۔
مسٹر گمبھیر نے ’آپ ‘کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال، نائب وزیر اعلی منیش سسودیا اور محتٖرمہ آتشی مارلینا کو نوٹس بھیج کر اس معاملے میں بغیر شرط معافی مانگنے اور ان پر لگائے گئے الزامات کو واپس لینے کو کہا ہے۔
واضح ر ہے کہ مشرقی دہلی پارلیمانی سیٹ سے ’آپ‘ امیدوار مارلینا نے جمعرات کو پریس کانفرنس میں مسٹر گمبھیر پر اپنے پارلیمانی حلقہ میں ان کے خلاف ’فحش اور قابل اعتراض ‘تبصرہ والے پرچے بانٹنے کا الزام لگایا تھا۔
اس کے بعد مسٹر گمبھیر نے خود پر لگے الزامات کو بے بنیاد بتاتے ’آپ‘ پر سیاسی سازش کرنے کا الزام لگایا تھا۔ انہوں نے وزیر اعلی کیجریوال کو چیلنج کیا تھا کہ وہ ان پر لگائے گئے الزامات کو ثابت کریں ۔انہوں نے کہا تھا کہ اگر ان پر لگائے گئے الزام ثابت ہو گئے، تو وہ سیاست کو خیر با د کہہ دیں گے۔