لکھنؤ: یس پی صدر اکھلیش یادو نے کہاکہ بی جے پی حکومت نےعوام سے کئے گئے پہلے کے وعدوں کو پورا نہیں کیا۔ بی جے پی حکومت بڑھتی مہنگائی روکنے، بے روزگاری ہٹانے میںناکام رہی۔ کسانوں کی آمدنی دوگنی نہیں ہوئی، عوام بی جےپی سے غمگین ہیں۔
سرحد پرجوان شہید ہورہےہیں، سرحدیں غیرمحفوظ ہیں، ایسی بی جے پی حکومت کو عوام 2024 کو لوک سبھا انتخاب میں ضرورہٹادے گی۔
منگل کو بارہ بنکی کےسابق ممبر اسمبلی اشرفی لال یادو کے مجسمہ کی نقاب کشائی کے بعد منعقدہ جلسے کو خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہاکہ بی جے پی کی 10 سال کی حکومت میں ایک لاکھ سے زیادہ کسان خودکشی کرچکے ہیں۔ بی جے پی حکومت ہر مورچے پر فیل ہے۔
کسانوںکو برباد کردیا ہے ، کھاد کی بوری سے پانچ کلو کرکے دس کلو یوریا کھاد کم کردی ہے۔ کسانوںکی آمدنی دوگنی نہیں ہوئی۔
بی جے پی اب ترقی یافتہ ہندوستان بنانے کا جھوٹا خواب دکھارہی ہے۔ کسان، نوجوان پریشان ہیں بی جے پی نےدس برس کی حکومت میں عوام کو کیا دیا، کیا صرف خواب دکھانے سے ملک میں ترقی ہوجائے گی۔
انہوں نے کہاکہ بی جے پی حکومت نے تمام سرکاری اداروںکو نجی ہاتھوں میںفروخت کردیا۔ سرمایہ کاری کےنام پر بڑے بڑے اشتہار دیئے گئے، یوپی میں 40 لاکھ کروڑ کے سرمایہ کاری کا دعویٰ کیا گیا لیکن کوئی سرمایہ زمین پر نہیں دکھائی دے رہا ہے۔ بڑے پیمانہ پر بے روزگاری ہے۔
گاؤں میں 80سے 90فیصدی نوجوان بے روزگار ہیں جو کام کرنا چاہتے ہیں ان کے پاس ملازمت اور کام نہیں ہے۔ بی جے پی پسماندہ ، دلتوں کےساتھ سازش کرکے جان بوجھ کر اگنی ویر بھرتی لائی ہے۔
فوج میں غریب اور کسان کے بیٹے جاتے ہیں حکومت نے ان کی ملازمت آدھی ادھوری کردی ہے۔ چار برسوں میں ملازمت ختم ہوجائے گی، کوئی اعزازیہ بھی نہیں ملے گا۔ بی جے پی نوجوانوں کی توہین کررہی ہے۔
سماج وادی حکومت آئے گی تو اگنی ویر اسکیم ختم کرکے نوجوانوںکو پہلے کی طرح فوج کی پوری ملازمت دی جائے گی۔ اسی طرح سے ریاست میں بی جے پی نے ایمبولینس خدمات، ڈائل 100 پولیس خدمات کو برباد کردیا۔
ضلع اسپتالوں میںعلاج نہیں مل رہا ہے نہ دوائی ہے نہ سہولیات، غریب آدمی مزدوری میں پرائیویٹ اسپتالوں میںعلاج کےلئے جاتا ہے اور کھیت ، زمین بیچنے پر مجبور ہوجاتا ہے۔
اکھلیش نے ریاست میںسانڈوں اور آزاد جانوروں سے ہونےو الی پریشانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ پوری ریاست میں ہر جگہ سڑکوںپر سانڈ دکھائی دے رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے سانڈوں کی پریشانیاں حل کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن دو برس ہوگئے پریشانیاں حل نہیں ہوئیں۔
آزاد جانوروں سے ہر دن ریاست میں لوگوں کی جان جارہی ہے۔ کسانوںکی فصلیں برباد ہورہی ہیں، کسانوںکی کھیتوںکی رکھوالی کرنی پڑرہی ہے۔