لکھنؤ: ایس پی صدر اکھلیش یادو نے بدھ کو مین پوری اور اٹاوہ میں منعقد انتخابی پروگراموں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹنگ کے وقت سبھی کو محتاط رہ کر ووٹ دینا ہے۔ اپنے ووٹ اور بوتھ کی حفاظت کرنا ہے۔
انتخاب میں بی جے پی کے ارادے ٹھیک نہیں ہیں، اس نے ملک کے عوام کو پریشانیوں میں ڈالا ہے، مہنگائی بڑھائی ہے، ملازمتیں چھینی ہیں، بدعنوانی کی ہے، سرکاری محکموں کی نجکاری کی ہے ، آؤٹ سورس کو بڑھا دیا ہے، بی جے پی آئین بدلنے کے راستے پر گامزن ہے، بی جے پی کی 10سال کی حکومت نے سب کچھ الٹ پلٹ کر دیا ہے پورے ملک کو الجھا دیا ہے۔
ان کو اقتدار سے ہٹانا ضروری ہے۔ اکھلیش نے کہا کہ یہ انتخاب ملک کی جمہوریت اور آئین بچانے کا انتخاب ہے۔ آئین سے ہی ملک کے عوام کو ووٹ دینے کا حق ملتا ہے اورحق احترام ملا ہے۔
بی جے پی منمانی پر آمادہ ہے۔ حکومتی اداروںکا غلط استعمال ہو رہا ہے۔ اداروں کا استعمال مخالف پارٹیوںکو پریشان کرنے میں کیا ہے۔ انتخابی چندے کے نام پر بدعنوانی کی ہے۔ ڈرا کر ہزاروں کروڑ روپئے کی وصولی کی، بی جے پی کی وصولی کی وجہ سے ملک میں مہنگائی بڑھی۔
اکھلیش نے کہا کہ کسانوں کا ، نوجوانوں اور ملک کے مستقبل کیلئے یہ انتخاب بیحد اہم ہے۔