نئی دہلی، 4فروری (یو این آ ئی) کانگریس کے ششی تھرور نے حکمراں فریق کو ٹکڑے ٹکڑے گینگ کا نام دیتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ملک کو ہندو، مسلمان، غدار۔ محب وطن وغیرہ خانوں میں بانٹنا چاہتی ہے اور اس نے ملک کی سیکولر شبیہ کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
مسٹر تھرور نے یہاں لوک سبھا میں صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے حکمراں فریق پر زور دار حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سب کا ساتھ سب کا وکاس اور سب کاوشواس کے نعرے ساتھ میں اقتدار میں آئے حکمرانوں نے غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق قانون، جموں وکشمیر تشکیل نو قانون، شہریت ترمیمی قانون اور ایوان میں قومی شہریت رجسٹر پر دیئے گئے بیانات سے بڑی مشکل سے حاصل کی گئی آزادی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا کھائیں، کیا پئیں اور کیا بولیں، اس کی آزادی بھی چھینی جارہی ہے۔ حکمراں فریق میں ہماری وراثت کو سمجھنے اور آگے لے جانے کے ویزن ہی نہیں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ خطاب میں گاندھی جی کی تقریر کا ٹھیک ٹھیک حوالہ نہیں دیا گیا اور اس طرح سے صدر کے ہاتھوں بابا ئے قوم کی توہین کرائی گئی۔ انہوں نے کہاکہ کیا ہم اپنے بچوں کے لئے ایک منقسم اور ٹوٹے ہوئے ہندستان کو چھوڑ کر جائیں گے۔ تاریخ حکمراں فریق کے اس کردار اجاگر کرے گی۔