لکھنؤ: وزیر اعلیٰ اور گورکچھ پیٹھا دھیشور یوگی آدتیہ ناتھ پر نشانہ سادھتے ہوئے سماج وادی پارٹی (ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ مٹھا دھیش اور مافیا میں زیادہ فرق نہیں ہوتا ہے ۔
یادو نے جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مٹھا دھیش اور مافیا میں زیادہ فرق نہیں ہوتا۔ اجودھیا میں بی جے پی کی شکست فاش سے وزیر اعلیٰ ناراضگی میں گھوم رہے ہیں۔
منفی دل اور دماغ والے تباہی ہی کرسکتے ہیں ترقی نہیں کرسکتے ہیں۔ جو ہارٹ لیس ہیں اس سے کوئی امید نہیں جاسکتی ہے ۔ بی جے پی حکومت میں زمینوں کی لوٹ اور بدعنوانی شباب پر ہے ساتھ ہی جھوٹے انکاؤنٹر کے نام پر قتل ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سلطان پور کے واقعہ میں جھوٹے انکاؤنٹر کی کہانی گڑھی جارہی ہے ۔ سب کو پتہ ہے کہ انکاؤنٹر کے نام پر قتل کیا جاسکتا ہے ۔ منگیش یادو کا قتل ہوا ہے ۔
گاؤں سے لے کر آس پاس کے لوگ جانتے ہیں کہ رات میں پولیس آئی تھی اور اٹھا کر لے گئی۔ وزیر اعلیٰ کو گھر کنبے اور اس کے ماںبہن کا درد سمجھ نہیں آرہا ہے ۔ مسٹر یادو نے کہا کہ ہم عوام کو انصاف دلانے کے لئے ایوان سے سڑک تک جدوجہد کریں گے ۔
اترپردیش میں نا انصافی کی سب سرحدیں عبور کی جاچکی ہیں۔ نظم ونسق تباہ ہے ۔ جرائم پیشہ ورکھلے عام واردات کو انجام دے رہے ہیں۔ سلطانپور میں جونیئرانجینئر کا پیٹ پیٹ کر جان لی گئی۔ بی جے پی حکومت میں کسی بھی غریب او ر متاثر کو انصاف نہیں مل رہا ہے ۔