لوک سبھا میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کومحب وطن بتانا بی جے پی کی رکن پارلمینٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو بھاری پڑ گیا۔ جمعرات کو بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکرکو وزارت دفاع کی کمیٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔
رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے ذریعے ناتھو رام گوڈسے کومحب وطن بتانے کے سلسلے میں بی جے پی کے ایگزیکٹو صدر جے پی نڈا نے کہا کہ کل پارلیمنٹ میں ان کا دیا گیا بیان قابل مذمت ہے۔ بی جے پی کبھی بھی ایسے بیان یا نظریہ کی حمایت نہیں کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو دفاعی امور کی صلاحکار کمیٹی سے ہٹا دیا ہے اور اس سیشن میں انہیں پارلیمانی پارٹی کی میٹنگوں میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
غور طلب ہے کہ مدھیہ پردیش کے بھوپال سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو دفاعی امور کی پارلیمانی کمیٹی کیلئے نامزد کیا گیا تھا۔ اس کمیٹی کی قیادت وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کر رہے ہیں۔