نئی دہلی، 14 فروری (یو این آئی) کانگریس نے الزام عائد کیاہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) الیکشن کے وقت فوجیوں کی شجاعت، شہادت اور بہادری کا استعمال کرتی ہے اور پھر انھیں بھول جاتی ہے لہذا پلوامہ کے شہیدوں کے لواحقین ایک سال بعد بھی در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔
کانگریس کے ترجمان جے ویر شیر گل نے جمعہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں صحافیوں سے کہا کہ بی جے پی فوج اور ان کی بہادری اور قربانی کا سیاسی مفاد کے لیے استعمال کرنا جانتی ہے۔ انتخابات کے وقت اور اس کے بعد فوجیوں کے تئیں اس کا رویہ بدل جاتا ہے۔ انتخابات کے وقت بی جے پی کہتی ہے’ہم ہیں ساتھ ساتھ‘ اور انتخابات ختم ہونے کے بعد کہتی ہے’ہم آپ كے کون؟‘