لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے اترپردیش میں شاملی کے کیرانہ سے ہندو خاندانوں کے نقل مکانی کے جھوٹے معاملے پر بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) پرشدید حملہ کرتے ہوئے اسے ریاستی اسمبلی کے لئے ہونے والے آئندہ انتخابات سے قبل کشیدگی پھیلانے کی سازش قرار دیا۔
محترمہ مایاوتی نے آج یہاں پریس کانفرنس میں کہا، ” ریاست کی حکمراں سماج وادی پارٹی (ایس پی) بی جے پی کے الزامات کا جواب دینے میں ناکام رہی ہے لیکن ان کے فرضی الزامات کی اصلیت بتاکر میڈیا نے اس سازش کو بے نقاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ اترپردیش اسمبلی انتخابات کے لئے اپنی مہم کا آغاز کی غرض سے بی جے پی نے الہ آباد میں اپنی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ منعقد کی اور اس کا واضح ایجنڈا ریاست میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلانا ہے ۔ بی جے پی نے اپنے اس مقصد کی تکمیل کے لئے کیرانہ مسئلہ اٹھایا۔ خوش قسمتی سے میڈیا نے ان کے جھوٹ کو بے نقاب کر دیا۔