لکھنؤ: ایس پی صدر اکھلیش یادو نے کہاکہ بی جے پی کی پہچان لوٹ اور جھوٹ ہے۔ بی جے پی نے بدعنوان لوگوں اور مجرموں کے لئے گودام بنوالیا ہے۔ سارے بدعنوان لوگ ، مجرم بی جے پی میں چلے گئے ہیں۔
بی جے پی نے الیکٹورل برانڈ کے ذریعہ بڑی بدعنوانی کی ہے۔ انتخابی چندے کےنام پر ہزاروں کروڑ روپئے کی وصولی کی ہے۔ الیکٹوریل برانڈ نے بی جے پی کا بینڈ بجادیا ہے۔ بی جے پی رہنماؤں کی بولتی بند ہے۔
منگل کو علی گڑھ میں ایس پی کے امیدوار بجیندر سنگھ اور ہاتھرس کے امیدوار جسویر بالمیکی کی حمایت میں منعقد انتخابی عوامی جلسے میں کہاکہ بی جے پی جمہوریت اور آئین کو ختم کرنا چاہتی ہے۔ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے آئین پر پریشانیاں ہیں۔ بی جے پی کے رہنما انتخاب جیت کر آئین بدلنا چاہتے ہیں۔ ریزرویشن ختم کرنا چاہتے ہیں، عوام کو محتاط رہ کر ووٹ کرنا ہے۔
آئین اور جمہوریت بچانے کےلئے ووٹ کرنا ہے۔ دس سال تک جملے بازی کرنے والے اب گارنٹی کا فریب دے رہے ہیں۔ ملک کے عوام کو بی جے پی کی جھوٹی گارنٹی نہیں، بابا صاحب کے آئین میں ملی گارنٹی چاہئے۔
بی جے پی بابا صاحب کے آئین کو ہٹاکر عوام کے ووٹ کا حق چھیننا چاہتی ہے۔ اکھلیش نے کہاکہ پہلے مرحلہ کے لوک سبھا انتخاب کی ہوا سے بی جے پی گھبراگئی ہے۔ بی جے پی کے دہلی اور لکھنؤ کے رہنماؤں کے بیانات میں انتخاب کے رجحان آنے لگے ہیں۔
مغرب کے لوگوں نے اپنے ووٹنگ سے بی جے پی کا صفایا کردیا ہے۔ انڈیا اتحاد کے بڑھت کی بحثیں پورے ملک میں ہورہی ہیں۔