آسٹریلیا میں دوستوں کے ساتھ مچھلیاں پکڑنے والا ماہی گیر اچانک لاپتا ہوگیا جس کے بعد اس کی لاش مگرمچھ کے پیٹ سے برآمد کرلی گئی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق کیون ڈارموڈی کے ساتھ موجود ایک ماہی گیر نے بتایا کہ اس نے مگرمچھوں کو حملہ کرتے ہوئے تو نہیں دیکھا مگر اپنے دوست کی چیخ کی آواز سنی تھی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق کیون ڈارموڈی نامی شخص کو کوئنزلینڈ میں آخری مرتبہ ہفتے کو دیکھا گیا تھا، 2 دن علاقے میں تلاش کے بعد پولیس نے 2 بڑے مگر مچھوں کو مار ڈالا جن کے پیٹ سے لاش کی باقیات ملیں۔
رپورٹس کے مطابق انسانی جسم کے اعضا ملنے والے شخص کی باضابطہ طور پر شناخت نہیں ہوسکی ہے تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ باقیات 65 سالہ کیون ڈارموڈی کی ہی ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق 13 اور 9 فٹ لمبے مگر مچھوں کو پیر کو اسی علاقے میں مارا گیا جہاں سے 65 سالہ شخص لاپتا ہوا تھا۔
وائلڈ لائف حکام کا کہنا ہے کہ انسانی اعضا ایک مگرمچھ کے پیٹ سے ملے تاہم شبہ ہے کہ دونوں مگر مچھوں نے لاپتا ہونے والے شخص کو کھایا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا میں عام طور پر مگر مچھ انسانوں پر حملہ نہیں کرتے لیکن 1985 کے بعد سے اسے 13 واں خطرناک حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔