ممبئی : بالی ووڈ اداکار اعجاز خان کے خلاف ایک 30 سالہ خاتون کی جانب سے عصمت دری کا مقدمہ درج کرایا گیا ہے، جس نے الزام عائد کیا ہے کہ اداکار نے فلم میں کام دینے کے بہانے اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔ یہ نیا انکشاف اس وقت سامنے آیا ہے جب اعجاز خان اور او ٹی ٹی پلیٹ فارم ’اولو ایپ‘ پر نشر ہونے والے شو ’ہاؤس اریسٹ‘ کے پروڈیوسرز کے خلاف فحش مواد دکھانے پر پہلے ہی شکایت درج کی جا چکی ہے۔
خاتون نے الزام لگایا ہے کہ اعجاز خان نے اسے فلم میں کردار کی پیشکش کر کے دھوکے سے اپنے جال میں پھنسایا اور بعد میں اس کی عزت سے کھلواڑ کیا۔
اس سنگین معاملے میں ممبئی کے چارکوپ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔پولیس نے مقدمے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اعجاز خان سے جلد پوچھ گچھ کی جائے گی۔ ان الزامات نے اعجاز کی مشکلات میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ انہوں نے تاحال ان الزامات پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔
اس دوران ’ہاؤس اریسٹ‘ شو کی قابل اعتراض ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ناظرین کی جانب سے شو کو بند کرنے کا مطالبہ زور پکڑ چکا ہے۔ عوامی دباؤ کے بعد ’اولو ایپ‘ نے معافی نامہ جاری کیا ہے اور شو کی تمام اقساط کو پلیٹ فارم سے ہٹا دیا گیا ہے۔