بالی وڈ اداکار ابھشیک بچن تقریباً ڈھائی سال بعد فلموں میں واپسی کر رہے ہیں اس ہفتے ان کی فلم ‘من مرضیاں’ ریلیز ہوئی ہے۔
فلم انوراگ کشیپ نے بنائی ہے جو بہت سنجیدہ فلمیں بنانے کے لیے مشہور ہیں لیکن اس بار وہ یکسر مختلف قسم کی فلم لے کر آ رہے ہیں۔
اب تک انوراگ کشیپ نے ‘گینگز آف واسع پور،’ ‘لنچ باکس،’ ‘گلال،’ ‘شاہد’ اور ‘بامبے ٹاکیز’ جیسی فلمیں بنائی ہیں۔ لیکن یہاں ابھشیک بچن کی بات ہو رہی ہے جو ‘ہاؤس فل تھری’ کے بعد سے کام کے منتظر تھے اور اب اس فلم سے انھیں کافی امیدیں ہیں اور لوگوں کو انوراگ کشیپ سے۔
امید ہے یہ فلم ابھشیک کے لیے دوسری فلموں کے راستے کھولے گی۔ فلم ‘من مرضیاں’ ٹورانٹو فلمی میلے میں ‘ہزبنڈ مٹیریل’ کے نام سے شامل کی گئی۔
اس موقعے پر ابھشیک بچن فلم کی کاسٹ کے ساتھ ٹورانٹو پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹورانٹو سے ان کا خاص تعلق ہے اور پچھلی بار جب وہ یہاں آئے تھے تو انھوں نے اپنی بیگم ایشوریہ کو یہیں پروپوز کیا تھا۔