بولی وڈ کی ’مست مست گرل‘ روینہ ٹنڈن کو مندر کی حدود میں خوبصورتی بڑھانے کے طریقہ کار بتانا مہنگا پڑ گیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کروادیا گیا۔
90 کی دہائی کی مقبول اداکارہ روینہ ٹنڈن کے خلاف بھارت کے قدیم ترین مندروں میں سے ایک لنگراج مندر کی انتظامیہ نے مقدمہ درج کروایا۔
خیال رہے کہ ریاست اڑیسا کے دارالحکومت بھونیشور میں واقع اس مندر کو بھارت کے محکمہ آثار قدیمہ نے قدیم ترین عمارتوں کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے۔
اس مندر سے متعلق خیال کیا جاتا ہے کہ یہ ہندو ازم کے ابتدائی ادوار کے مندروں میں سے ایک ہے۔
لنگراج مندر سے متعلق کئی مؤرخین کا ماننا ہے کہ یہ گیارہویں صدی میں تعمیر میں کیا گیا۔
اس مندر کو قدیم ترین عمارتوں میں شامل کیے جانے کی وجہ سے اس کی کئی حدود میں جانا یا وہاں ویڈیو ریکارڈنگ اور فوٹو شوٹ کروانا ممنوع ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اداکارہ روینہ ٹنڈن پر الزام ہے کہ انہوں نے مندر کے ’نو کیمرہ زون‘ میں موبائل کے ذریعے ایک اشتہار کی ریکارڈنگ کرائی۔
روینہ ٹنڈن نے مندر کی حدود میں ’نو کیمرہ زون‘ کے اندر خوبصورت بڑھانے کے طریقہ کار بتانے کی ایک مختصر اشتہار کی ویڈیو ریکارڈ کروائی، جو ریلیز ہونے سے قبل ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لنگراج مندر انتظامیہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے مندر کی حدود میں واقع پولیس اسٹیشن میں اداکارہ کے خلاف مقدمہ درج کروالیا۔
لنگراج پولیس اسٹیشن نے روینہ ٹنڈن کے خلاف مقدمہ درج کروائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ آثار قدیمہ نے ممنوع حدود میں ویڈیو ریکارڈنگ کے معاملے کی تفتیش کردی۔
خیال رہے کہ 43 سالہ روینہ ٹنڈن 1991 میں پتھر کے پھول سے فلمی کیریئر کی شروعات کی، ان کی پہلی فلم ہی ہٹ ثابت ہوئی اور انہوں نے اس پر ایوارڈ بھی حاصل کیا۔
150 سے زائد فلموں میں جلوے دکھانے والی روینہ ٹنڈن کی آخری فلم ’ماتر‘ 2017 میں ریلیز ہوئی تھی، اسی سال ان کی فلم ’شب‘ سمیت ایک اور فلم بھی ریلیز ہوئی تھی۔
روینہ ٹنڈن کو 1995 سے 2000 تک بولی وڈ کی سپر اسٹار کہا جاتا رہا، انہوں نے کئی اداکاروں کے ساتھ بہترین فلمیں دیں۔
روینہ ٹنڈن نے 2003 میں فلم پروڈیوسر و ڈائریکٹر انیل ٹھڈانی سے شادی کرلی، ان کے چار بچے ہیں۔
روینہ ٹنڈن نے شادی سے قبل ہی 2 بچوں کو گود لیا تھا، جب کہ انیل ٹھڈانی سے انہیں 2 بچے ہیں۔