ترواننت پورم، یکم جولائی ؛ نامعلوم حملہ آوروں نے جمعرات کی دیر رات یہاں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا-مارکسسٹ (سی پی آئی-ایم) کے پارٹی ہیڈکوارٹر اے کے جی سینٹر پر بم پھینکا۔
پولیس ذرائع کے مطابق تقریباً 23.45 بجے اسکوٹر پر سوار دو افراد میں سے ایک نے دفتر کے مین گیٹ پر بم پھینکا۔ حملے میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ واقعہ کے وقت سی پی آئی (ایم) کے کئی لیڈر دفتر میں موجود تھے۔ دھماکے کی زوردار آواز سن کر علاقے میں ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار اور پارٹی کارکن موقع پر پہنچ گئے۔
انہوں نے کہا کہ حملہ آور دھماکے کے فوراً بعد موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) کے کنوینر ای پی جے راجن، پولٹ بیورو کے رکن اے وجئے راگھون، پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن پی کے شریمتی، پارٹی کے ریاستی سکریٹری کوڈیری بالاکرشنن، وزراء کے این بالاگوپال اور انٹونی راجو، سی پی آئی لیڈر پنین رویندرن اور رکن پارلیمنٹ اے اے رحیم موقع پر پہنچ گئے۔
بعد ازاں پارٹی کے سینکڑوں کارکن اے کے جی سینٹر پہنچے اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے سیکرٹریٹ تک احتجاجی مارچ کیا۔