ممبئی۔ سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے منسلک ڈرگ معاملہ میں گرفتار اداکارہ ریا چکرورتی کو ضمانت مل گئی ہے۔ بامبے ہائی کورٹ نے ریا کی ضمانت عرضی پر آج فیصلہ سنایا۔ ایک ماہ سے جیل میں بند ریا نے نچلی عدالت سے دو بار عرضی خارج ہونے کے بعد ہائی کورٹ میں اپیل کی تھی۔ منگل کو سیشن کورٹ نے اداکارہ کی عدالتی حراست 14 دن کے لئے اور بڑھا دی تھی۔
اب ضمانت ملنے کے بعد ریا پورے ایک ماہ بعد جیل سے باہر آئیں گی۔ ڈرگس کیس میں ریا کے بھائی شووک چکرورتی، عبدالباسط پریہار، دیپیش ساونت اور سیموئل میرانڈا کی ضمانت عرضی کو عدالت نے مسترد کر دیا ہے۔
اس سے پہلے این سی بی نے عدالت میں ریا اور شووک کی ضمانت کی مخالفت کی تھی۔ جانچ ایجنسی نے عدالت میں دئیے حلف نامہ میں کہا کہ ریا اور شووک ڈرگس سنڈیکیٹ کے فعال ممبرس ہیں۔ دونوں کئی ہائی سوسائٹی لوگوں اور ڈرگس سپلائرس سے جڑے ہوئے ہیں۔ ان پر دفعہ 27 اے لگائی گئی ہے، اس لئے انہیں ضمانت نہیں ملنی چاہئے۔ این سی بی نے کہا کہ ریا نے ڈرگس خریدنے کی بات قبول کی ہے۔ انہوں نے مانا کہ ڈرگس خریدنے کے لئے سیموئل میرانڈا، دیپیشش ساونت اور شووک سے کہا تھا۔