برطانیہ، فرانس اور کینیڈا نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے غزہ میں جاری فوجی کارروائیاں بند نہ کیں اور امدادی سامان پر عائد پابندیاں نہ اٹھائیں تو ان ممالک کی جانب سے ممکنہ طور پر پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔
تینوں ممالک کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے عام شہریوں کو بنیادی انسانی امداد کی فراہمی سے انکار ناقابل قبول ہے، اور یہ بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
اعلامیے میں مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی توسیع پر بھی تنقید کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اگر بستیوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری رہا تو ان ممالک کی جانب سے ہدفی پابندیاں لگائی جا سکتی ہیں۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں تین ماہ کی مکمل ناکہ بندی کے بعد پہلی بار 5 امدادی ٹرک، جن میں بچوں کی خوراک اور دیگر امدادی سامان شامل ہے، کرم ابو سالم گزرگاہ کے ذریعے غزہ میں داخل ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ نے امدادی سامان کے داخلے کو خوش آئند قرار دیا ہے، لیکن ساتھ ہی کہا ہے کہ غزہ میں جاری انسانی بحران پر قابو پانے کے لیے اس سے کہیں زیادہ امداد کی ضرورت ہے۔