لندن، 7 دسمبر (یو این آئی/ اسپوتنک) برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ ان کا ملک یوکرین کے خلاف کسی بھی جارحانہ روسی کارروائی کو روکنے کے لیے تمام دستیاب اقتصادی اور سفارتی ذرائع استعمال کرتا رہے گا۔
ڈاؤننگ اسٹریٹ کے ترجمان نے ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر جانسن نے یوکرین کے خلاف روس کی جارحانہ کارروائی کا مقابلہ کرنے کے لیے پیر کی شام امریکی صدر جو بائیڈن، جرمنی کی قائم مقام چانسلر انجیلا مرکل، فرانس کے صدر امانوئل میکرون اور اطالوی وزیر اعظم ماریو ڈریگی سے بات چیت کی اور ایک متحدہ محاذ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام رہنماؤں نے روس سے کشیدگی میں کمی لانے کا مطالبہ کیا اور یوکرین کی علاقائی سالمیت کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔