برطانوی شاہ چارلس کی تاج پوشی آج ویسٹ منسٹر ایبے میں ہوگی، وزیراعظم شہباز شریف بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔برطانیہ کے بادشاہ چارلس کی تقریب تاج پوشی کے سلسلے میں مختلف ممالک کے سربراہوں اور اہم شخصیات کی لندن آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق تقریب میں شاہ چارلس روایت سے ہٹ کر فوجی لباس پہنیں گے۔تاج پوشی پر 10 کروڑ پاؤنڈ یعنی 35 ارب روپے خرچہ آئے گا، یہ رقم برطانوی عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے ادا کی جائے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہی سواری کا روٹ صبح 6 بجے عوام کیلئے کھولا جائے گا، شاہ چارلس کو دیکھنے کیلئے لاکھوں افراد سینٹرل لندن کا رخ کریں گے۔
شاہ چارلس 10 بجے صبح بکنگھم پیلس سے ویسٹ ڈائمنڈ جوبلی بگھی میں نکلیں گے، ویسٹ منسٹر ایبے میں 2 ہزار 300 مہمان ان کے منتظر ہوں گے، تقریب تاجپوشی 11 بجے شروع ہو کر 2 گھنٹے جاری رہے گی۔
تاج پوشی تقریب کے مختلف مراحل میں بادشاہ کو تاریخی اشیاء پیش کی جائیں گی۔شاہ چارلس کو حلف اٹھانے کے بعد تاریخی سینٹ ایڈورڈ تاج پہنایا جائے گا، تاج پوشی کے بعد ملک بھر میں بگل بجیں گے اور توپوں کی سلامی پیش کی جائے گی۔
دن ایک بجے شاہ چارلس اور ملکہ واپس بکنگھم پیلس جائیں گے جہاں شاہ چارلس کو مسلح افواج کے جوان اور دولت مشترکہ کے فوجی سلامی پیش کریں گے۔
اس کے بعد شاہ چارلس شاہی خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ پیلس کی بالکونی پر آئیں گے، جہاں انہیں طیارے سلامی پیش کرتے ہوئے گزریں گے۔
فلائی پاسٹ میں فضائی کرتب دکھانے والے ریڈ ایروز کے طیارے بھی شامل ہوں گے۔