ایران کے صدر نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت مغربی حمایت سے فلسطین کے عام شہریوں خاصطور سے عورتوں اور بچوں کا بہیمانہ قتل عام کر رہی ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرسید ابراہیم رئیسی نے کابینہ کے اجلاس میں غزہ میں نہتھے اور بے گناہ عام شہریوں منجملہ عورتوں اور بچوں کے وحشیانہ قتل عام کو انسانیت کے لئے ایک عظیم المیہ قرار دیا اور کہا کہ دنیا کا غیر منصفانہ نظام عالمی رائے عامہ کے لئے ایک بڑا چیلنج بنا ہوا ہے جس نے عالمی امن و استحکام کو غارت کر کے رکھ دیا ہے۔
سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ مغربی ممالک نے فلسطینیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کے مقابلے میں حیرت انگیز خاموشی اختیار کر کے عام شہریوں کے قتل عام میں اس غاصب حکومت کی ہمت بڑھائی ہے اور وہ وسائل فراہم کر کے عورتوں اور بچوں کے قتل عام میں برابر کے شریک بھی بنے ہوئے ہیں ۔
صدر مملکت نے صیہونی وحشیانہ جرائم پر عالمی رائے عامہ کی ریکارڈ نفرت و بیزاری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت میں قرارداد کی منظوری اور صیہونی جرائم سے نفرت و بیزاری کے اظہار کو ضروری قرار دیا۔