جموں، 14 جولائی؛بارڈر سیکورٹی فورسز (بی ایس ایف) اہلکاروں نے گذشتہ شب ضلع جموں کے ارنیہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر فضا میں گردش کر رہے ایک مشتبہ ڈرون پر گولیاں برسائیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع جموں کے ارنیہ سیکٹر میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب بی ایس ایف اہلکاروں نے قریب دو سو میٹر کی اونچائی پر ایک جھپکتی سرخ روشنی کو دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ بی ایس اہلکاروں نے روشنی کی طرف گولیاں چلائیں جس کے بعد اس روشنی نے واپسی کا رخ اختیار کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے تاہم ابھی تک کچھ بھی برآمد نہیں ہوا ہے۔
بتا دیں کہ 2 جولائی کو ایک پاکستانی کواڈ کاپٹر نے ارینہ سیکٹر میں ہی بھارتی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جس کو واپس بھگا دیا گیا تھا۔