لکھنؤ: 08 اپریل؛بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) سربراہ مایاوتی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) کو نیا انتخابی منشور جاری کرنے کے بجائے سابقہ انتخابی وعدوں کے ضمن میں’کاروائی رپورٹ‘ ملک کی عوام کے سامنے پیش کرنا چاہئے۔
محترمہ مایاوتی نے پیر کو کہا کہ گذشتہ انتخابات میں بی جے پی نے لبھاونے وعدوں کا سبز باغ دکھا کر اپنی جال میں پھنسا لیا تھا۔ اس بار بھی بی جے پی نے انتخابی منشور کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی وعد ہ خلافی کرنےوالے نریندر مودی حکومت کو عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔ انہوں نے پانچ سال میں صرف مالداروں کے لئے ہی کام کیا ہے۔ انتخابی منشور کے بجائے انہیں گذشتہ انتخابات میں کئے گئے وعدوں پر’کاروائی رپورٹ‘ جاری کرنا چاہئے لیکن ایسا کرنے کی ہمت نہیں ہے کیونکہ بی جے پی اور نریندر مودی حکومت وعدہ خلافی کرنے والی حکومتوں کی سرتاج ثابت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں صرف مٹھی بھر مالداروں اور سرمایہ کاروں کے ہی اچھے دن آئے ان کے علاوہ ملک کی 130 کروڑ عوام کو آج بھی 15 لاکھ روپئے بینک کھاتوں میں آنے کا انتظار ہے جس کا وعدہ مسٹر مودی نے غریبوں سے کیا تھا۔