لکھنؤ،25 جون ؛اگلے مہینے ہونے جارہے صدارتی انتخابات میں بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی)بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی) کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد(این ڈی اے) کی امیدوار دروپدی مرمو کی حمایت کرے گی۔
اترپردیش کی سابق وزیراعلی اور بی ایس پی صدر مایاوتی نے ہفتے کو یہ معلومات دیتے ہوئے واضح کیا کہ ان کی پارٹی کی جانب سے مرمو کو ایک قبائلی خاتون ہونے کی وجہ سے حمایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ بی ایس پی نے این ڈی اے کو نہیں بلکہ قبائلی خاتون امیدوار کی حمایت کی ہے۔
واضح رہے کہ 18 جولائی کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں قبائلی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی مرمو نے این ڈی اے امیدوار کے طورپر پرچہ نامزدگی داخل کئے ہیں۔وہیں اپوزیشن پارٹیوں نے اپنے مشترکہ امیدوار کے طورپر سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کے نام کا اعلان کیا ہے۔سنہا 27 جون کو پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔
مایاوتی نے اپنی پارٹی کا موقف واضح کرتے ہوئے کہاکہ قبائلی کمیونٹی کے حقوق کی حفاظت کرنا بی ایس پی کی تحریک کا بنیادی موضوع رہا ہے۔ اس لئے پارٹی نے اس بار کے صدارتی انتخابات میں قبائلی خاتون امیدوار کے طورپر مرمو کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اترپردیش میں بی ایس پی کے دس رکن پارلیمنٹ اور ایک رکن اسمبلی ہے۔