بہوجن سماج پارٹی نے لوک سبھا انتخابات کے لیے آج اپنے 9 امیدواروں کی چوتھی فہرست جاری کردی ہے۔ اس فہرست میں اعظم گڑھ، گھوسی، ایٹہ، دھورہرا، فیض آباد، بستی، گورکھپور، چندولی اور رابرٹس گنج کی سیٹیں شامل ہیں۔ بی ایس پی لوک سبھا انتخابات کے لیے یوپی سے اب تک اپنے 46 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر چکی ہے۔
اس چوتھی فہرست میں بی ایس پی نے اپنے سابق ریاستی صدر بھیم راج بھر کو اعظم گڑھ لوک سبھا سیٹ سے ٹکٹ دیا ہے۔ گھوسی سے سابق ایم پی بالکرشن چوہان کو، ایٹہ سے محمد عرفان کو، دھورہرا سے شیام کشور اوستھی، فیض آباد سے سچیدانند پانڈے کو، بستی سے دیاشنکر مشرا کو، گورکھپور سے جاوید سمنانی کو، چندولی سے ستیندر کمار موریہ کو اور رابرٹس گنج سے دھنیشور گوتم کو میدان میں اتارا ہے۔
اس سے قبل بی ایس پی نے اپنی تیسری فہرست میں لکھنؤ، غازی آباد، علی گڑھ اور اناؤ سمیت اتر پردیش کی 12 سیٹوں کے لیے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔
اس سے قبل بی ایس پی نے لوک سبھا انتخابات کے لیے اپنے اسٹار پرچارکوں کی فہرست جاری کی تھی جس میں پارٹی سربراہ مایاوتی، ان کے جانشین آکاش آنند اور سینئر لیڈر ستیش چندر مشرا کے نام شامل ہیں۔
بی ایس پی سپریمو مایاوتی اتر پردیش کے تقریباً 50 بڑے اضلاع میں ریلیوں کے ذریعے انتخابی مہم چلائیں گی۔ خبروں کے مطابق مایاوتی سب سے پہلے بجنور ضلع کی نگینہ لوک سبھا سیٹ سے انتخابی مہم شروع کر سکتی ہیں کیونکہ ان کا سیاسی سفر یہیں سے شروع ہوا تھا اور انہوں نے اپنا پہلا الیکشن بھی یہیں سے لڑا تھا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ ماہ لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا تھا۔ ملک بھر میں انتخابات سات مرحلوں میں ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 4 جون کو ہوگی۔ اتر پردیش کی 80 لوک سبھا سیٹوں پر سات مرحلوں میں ووٹنگ ہوگی۔ پہلے مرحلے کی ووٹنگ 19 اپریل کو، دوسرے مرحلے کی 26 اپریل کو، تیسرے مرحلے کی 7 مئی کو، چوتھے مرحلے کی 13 مئی کو، پانچویں مرحلے کی 20 مئی کو، چھٹے مرحلے کی 25 مئی کو اور یکم جون کو ساتویں اور آخری مرحلے کی ووٹنگ ہوگی۔