لکھنؤ : بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے سال نو کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس اور اب بی جے پی کی لمبی چلی ذات پرست، متکبر حکومت کے مضر اثرات سے عوام پریشان ہیں اور غریبی و بیروزگاری کی شکل میں لوگوں نے اسے بہت برداشت کیا ہے اسی لئے اب مفاد عامہ اور عوامی بہبودکیلئے پوری طرح وقف بہوجن مفاد کی ہمدرد حکومت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ 100کروڑ لوگوں کی زندگی غریب، پسماندہ، مظلوم اور محتاج بنی ہوئی ہے۔ بی ایس پی سپریمو نے دوشنبہ کو جاری بیان میں کہا ہے کہ انتخابی سال میں حکومت وعدوں، اعلانات، دعووں وغیرہ کی تشہیر سے عام آدمی پریشان ہے۔انہوں نے کہا کہ سال نو میں حکومت صرف روزگار کی گارنٹی یقینی کر کے حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راج دھرم پر عمل کرے۔
حکومت کی زیادہ تر گارنٹیاں دھوکے کی سیاست ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فی شخص آمدنی یعنی لوگوں کی جیب میں خرچ کیلئے پیسے نہ ہوں تو ایسے میں ملک کی ترقی کا ڈھنڈورا لوگوں کیلئے کس کام کا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بیروزگاروں کی فوج کے ساتھ ترقی یافتہ ہندوستان کیسے ممکن ہوگا۔
مرکز اور ریاست کی حکومتیں عوام کے بنیادی مسائل پر توجہ مرکوز کریں نہ کہ سستی مقبولیت کیلئے گارنٹی تقسیم کرنے اورلوگوں کے مذہبی جذبات کو سیاسی طور سے کیش کرنے میں مصروف رہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ان کی مرکزی و ریاستی حکومتیں ہوں یا پھر کانگریس سمیت حزب مخالف کے انڈیا اتحاد کے ریاستی حکومتیں دونوں زبردست مہنگائی ، سنگین رخ اختیار کرتی غریبی، بیروزگاری اور پسماندگی جیسے ملک کے بنیادی مسائل پر توجہ مرکوز نہیں کر رہی ہے۔ گارنٹی اسکیمیں تصفیہ کم اور دھوکہ زیادہ لگ رہی ہیں۔