لکھنؤ:05مئی(یواین آئی) مزدوروں کی گھر واپسی کے سلسلے میں کانگریس کے بعد بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) سربراہ مایاوتی نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت اگر مہاجر مزدوروں کا کرایہ ادا کرنے میں پش وپیش سے کام لیتی ہیں تو ان کی پارٹی اہل حضرات سے مدد لے کر ان کو بھیجنے کا نظم کرے گی۔
محترمہ مایاوتی نے منگل کو اپنے ٹوئٹ میں لکھا” یہ کافی مایوس کن ہے کہ مرکزی و ریاستی حکومتیں مہاجر مزدوروں کو ٹرینوں و بسوں وغیرہ سے بھیجنے کے لئے ان سے کرایہ وصول کررہی ہیں۔ سبھی حکومتیں یہ واضح کریں کہ وہ انہیں بھیجنے کے لئے کرائی نہیں دے پائیں گی۔ بی ایس پی کا یہ مطالبہ ہے”۔
انہوں نے مزید لکھا کہ “ایسے حالت میں بی ایس پی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر حکومتیں مہاجر مزدوروں کا کرایہ ادا کرنے میں پش و پیش کرتی ہیں تو پھر بی ایس پی اپنے اہل حضرات سے تعاون حاصل کر کے ان کو بھیجنے کا نظم کر نے میں اپنا تھوڑا کردار ضرور ادا کرے گی۔