نئی دہلی،یکم فروری (یواین آئی) وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے ہندوستان کو دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بتاتے ہوئے آج کہا کہ ہماری معیشت کی بنیاد مضبوط ہے اور 2020-21 کا بجٹ پرعزم ہندوستان ، اقتصادی ترقی اور حساس سماج کی روح پر مرکوز ہے ۔
مسز سیتا رمن نے مودی حکومت کے دوسرے دور میں اپنا دوسرا بجٹ پیش کرتے ہوئے آنجہانی ارون جیٹلی کو گڈز اینڈ سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) کا فنکاراور معمار بتاتے ہوئے کہا کہ جی ایس ٹی سے ملک کی معیشت مربوط ہوئی ہے اور اس سے انسپکٹر راج ختم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سادہ جی ایس ٹی رٹرن عمل آئندہ اپریل سے لاگو کی جائے گی۔ جی ایس ٹی کے تحت صارفین کو ایک لاکھ کروڑ روپے کے فائدے دیئے گئے ہیں۔ مختلف مصنوعات پر جی ایس ٹی میں کمی کئے جانے سے ہر خاندان کو ماہانہ اخراجات میں چار فیصد کی بچت ہوئی ہے۔ جی ایس ٹی کے نفاذ سے 16 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان جڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کو باضابطہ بنانے کے لئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں اور جی ایس ٹی بھی انہی میں سے ایک ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ سال 2006-16 کے دوران 27 کروڑ 10 لاکھ لوگوں کو غربت کی لکیر سے اوپر اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے قرض میں قابل ذکر کمی آئی ہے اور یہ مارچ 2014 کے 52.5 فیصد سے مارچ 2019 میں گھٹ کر 48.7 فیصد پر آ گیا۔