لکھنؤ: اترپردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں بارش کی وجہ سے جمعہ کو مختلف علاقے میں چار مکان زمین دوز ہوگئے جس کے ملبے میں دب کر ایک لڑکی سمیت تین افراد کی موت ہوگئی جبکہ دس افراد سنگین طور پر زخمی ہوگئے۔
پولس نے بتایا کہ امین آباد علاقے کے گنیش گنج محلے میں صبح تقریبا آٹھ بجے بارش کے دوران ایک خستہ حال عمارت گرگئی۔ اس حادثے میں سنگین طور سے زخمی اشی(10) اور اس کی ماں سریتا مشرا (35) کو اسپتال لے جایا گیا جہاں علاج کے دوران لڑکی کی موت ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ حسین گنج علاقے کے مرلی نگر علاقے میں مکان گرنے سے چچا بھتیجہ کی موت ہوگئی جبکہ تین دیگر سنگین طور سے زخمی ہوگئے۔پولس نے بتایا کہ مرلی نگر میں ایک خستہ حال مکان ڈھہ جانے سے امتیاز اور کلو کی موت ہوگئی۔ سنگین طور سے زخمی تین لوگوں کو سول اسپتال میںبھرتی کرایا گیا ہے۔
ادھر امین آباد میں بتاشے والی گلی میں ایک خستہ حال عمارت تیز آواز کے ساتھ زمین دوز ہوگئی جس کے ملبے میں پانچ لوگ دب گئے۔ محلے والوں کی مدد سے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا جہاں سبھی کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔ایک دیگر واقعہ میں چھترپور پجاوا کی بیڑی منڈی میں ایک مکان کی دیوار گرنے سے اسکول جارہی ویشنوی نام کی ایک بچی زخمی ہوگئی جسے ابتدائی علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔