گزشتہ سال ماہ دسمبر 2018 میں بلند شہر کے سيانہ گاؤں میں گئو کشی کی افواہ کو لے کر تشدد بھڑکانے اور ایس ایچ او سبودھ کمار کے قتل معاملے میں تقریباً 3 ماہ بعد معاملے کی تحقیقات کر رہی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم نے چارج شیٹ داخل کر دی ہے، جس میں 38 افراد کو نامزد کیا گیا ہے، ان میں 33 لوگوں پر علاقے میں فساد بھڑکانے جبکہ باقی 5 لوگوں پر انسپکٹر سبودھ کمار کے قتل کا الزام ہے، حالانکہ اس واقعہ کے بعد سے ہی ایس ایچ او سبودھ کمار قتل کے اہم ملزم مانے جا رہے بجرنگ دل کے مقامی رہنما یوگیش راج کا نام اس چارج شیٹ میں ان 5 لوگوں میں نہیں ہے۔
پورے معاملے کی جانکاری دیتے ہوئے بلند شہر کے موجودہ ایس پی اتل کمار شریواستو نے بتایا کہ 3 دسمبر 2018 کو بلند شہر کے سيانہ گاؤں میں موجود چکراوٹی پولس چوکی پر ہجوم نے آگ زنی کر دی تھی، جس میں چوکی کے ایس ایچ او سبودھ کمار کے اوپر قاتلانہ حملہ کیا گیا، اس حملے میں سبودھ کمار کی موت واقع ہو گئی تھی، چارج شیٹ میں نامزد 33 لوگوں پر علاقے میں تشدد اور آگ زنی کرنے کا الزام ہے، ان 33 لوگوں میں بجرنگ دل کے رہنما یوگیش پر غیر قانونی طور پر لوگوں کو بھڑکانے اور بھیڑ کو اکٹھا کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
پولس کے مطابق پرشانت نٹ،لوکیندر راہل، ڈیوڈ اور جانی سمیت تمام 5 ملزمان نے سبودھ کے قتل کی بات قبول کرلی ہے، حالانکہ اس معاملے میں پولس اور بھی مجرموں کی تلاش میں مصروف ہے۔