نئی دہلی، 04 اکتوبر (یواین آئی) مرکزی وزیر صحت وخاندانی فلاح وبہبود ڈاکٹر ہرش وردھن نے اتوار کو بتایا کہ وزارت ایک لائحہ عمل تیار کررہا ہے جس کے تحت سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستیں ان آبادی اور گروپوں کی فہرست پیش کریں گی جنہیں پہلے کورونا ویکسین دی جانی چاہئے۔ اس ماہ کے آخر تک اس فہرست کے پورے ہونے کے امکانات ہیں۔
ڈاکٹر ہرش وردھن نے سنڈے سنواد ایک پروگرام میں بتایا کہ ’’حکومت جنگی سطح پر اس سمت میں کام کررہی ہے جبکہ کورونا ویکسین تیار ہو تو لوگوں کے درمیان اس کی یکساں تقسیم یقینی بنائی جائے۔‘‘
دنیا کے دیگر ممالک کی طرح مرکزی حکومت بھی اسی بات پر توجہ دے رہی ہے کہ کس طرح ہر شخص کو کورونا ویکسین مہیا کرایا جائے۔ اس کے لئے اعلی سطحی ماہرین کا گروپ تشکیل دیا گیا ہے جوکورونا ویکسین کے سبھی پہلوؤں پر توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’’وزارت صحت ریاستوں کے ساتھ مل کر ایک خاکہ تیار کررہا ہے کہ کورونا ویکسین پہلے کن لوگوں کو دی جائے۔
وزارت فی الحال ایک فارمیٹ تیار کررہا ہے جہاں ریاستی حکومتیں ان آبادی اور گروپوں کی فہرست پیش کریں گی جنہیں کورونا ویکسین پہلے دی جانی ہے۔ اس میں اگلے مورچوں پر ڈٹے رہنے والے کورونا سے نبردآزما صحت سے متعلق اہلکاروں اور کورونا ٹسٹ، ٹریک اور ٹریٹ کی حکمت عملی کے نفاذ کرنے میں شامل ملازمین شامل ہوں گے۔ امید ہے کہ یہ فہرست اکتوبر کے آخر تک تیار ہوجائے گی۔