نئی دہلی،؛ پلوامہ میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے قافلے پر بزدلانہ حملے کے بعد ہندوستان نے ایک بڑا سفارتی قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان سے سب سے زیادہ ترجیحی ملک کا درجہ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر الگ تھلگ کرنے کے لئے سفارتی سطح پر ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں جمعہ کو وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر ہوئی دفاعی امور کی کابینہ کمیٹی کی میٹنگ میں یہ فیصلے لئے گئے۔
میٹنگ کے بعد وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا کہ میٹنگ میں پلوامہ میں ہوئے واقعہ کے بارے میں تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ اس بزدلانہ حملے کو انجام دینے والے اور ان کی حمایت کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی نیز سیکورٹی فورسز کو اس کے لئے ہدایات دےدی گئی ہیں۔