کیلیفورنیا : وائن کیلئے مشہور کیلیفورنیا کے جنگلوں میں لگی آگ کے بعد راحت۔بچاؤ اور اور آگ سے خاک ہوئے گھروں میں لاشوں کی تلاش پیر کے روز بھی جاری رہی۔کیلیفورنیا کے جنگلوں میں اب تک سب سے خوفناک آگ سے بچ گئے لوگ اب واپس لوٹنے لگے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق کیلیفورنیا کی آگ سے اب تک مرنے والوں کی تعداد 41ہوگئی ہے ۔صرف سونوما صوبہ میں اب بھی 88لوگ لاپتہ ہیں۔مقامی افسران نے مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ کے اندیشہ کا اظہار کیا ہے ۔
سونوما کاؤنٹی کے شیرف رابرٹ گیو ڈارنو نے پیر کی صبح صحافیوں سے کہا مجھے کچھ اور لاپتہ لوگوں کے ملنے کی امید ہے ۔لاپتہ لوگوں کی فہرست میں 1863لوگ محفوظ لوٹ آئے ہیں۔سونوما اور دیگر مقامات کے ہزاروں نقل مکانی کرنے والوں کو واپس لوٹنے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔آگ کے بعد سے 40ہزار لوگ ابھی بھی اپنے اپنے گھروں سے باہر ہی ہیں۔
دوسری جانب 14مقامات پر آگ کی لپٹیں اب بھی نہیں بجھی ہیں۔تقریباً 11ہزار فائر فائٹر ہیلی کاپٹر اور ایئر ٹینکر کی مدد ے آگ پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔کم از کم 5700مکانات اور تجارتی مراکز آگ میں جل کر خاک ہوچکے ہیں۔آگ سے اب تک 213،000ایکڑ(86،200ہیکٹیئر)علاقہ جل کر خاک ہوگیا ہے ۔فائر بریگیڈ ایجنسی کال فائر کو امید ہے کہ جمعہ تک آگ کی لپٹوں کو پوری طرح قابو کرلیاجائے گا۔