امریکی ریاست کیلی فورنیا میں رواں ہفتے دوسری مرتبہ زلزلے کے بدترین جھٹکے محسوس کیے گئے جس نے 20 سالہ ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے تاہم کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی ‘اے پی’ کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کیلی فورنیا میں صبح کے وقت شدید زلزلے کے جھٹکے کے محسوس کیے گئے، جس کی شدت 7 اعشاریہ ایک ریکارڈ کی گئی۔
کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوسوم نے دو روز قبل آنے والے 6 اعشاریہ 4 شدت کے زلزلے کے بعد متعدد علاقوں میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی تھی۔
حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر ریاست کی جانب سے امداد فراہم کی جائے گی۔
سوشل میڈیا میں گردش کرنے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ہائی وے دو حصوں میں تقسیم ہوچکی ہے اور اسے عام ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
گورنر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ عملہ اس وقت متعلقہ علاقے میں پانی اور گیس لائن سمیت انفراسٹرکچر بحالی کے لیے مصروف عمل ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ کیلی فورنیا میں آنے والے دوسرے زلزلے کے نتیجے میں عمارتوں کو نقصان پہنچا اور شہریوں کی املاک بھی تباہ ہوئی ہیں، تاہم کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
رپورٹس کے مطابق کیلی فورنیا میں اس سے قبل 16 اکتوبر 1999 کو 7 اعشاریہ ایک شدت کا زلزلہ آیا تھا۔
خیال رہے کہ دو روز قبل آنے والے زلزلے کے حوالے سے حکام نے بتایا تھا کہ جانی ضیاع یا زخمیوں کے حوالے سے اطلاعات تاحال موصول نہیں ہوئیں، تاہم اب تک رجکریسٹ شہر میں ایک گھر میں آگ لگنے کی اطلاع ملی ہے۔
جنوبی کیلی فورنیا کے حکام کا کہنا تھا کہ ریسکیو اہلکاروں کو 24 مقامات میں آتشزدگی کی اطلاعات ملی ہیں، تاہم فی الوقت زخمیوں کا اندازہ نہیں۔
فائر ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ انہوں نے علاقے میں ریسکیو اور سرچ ٹیمیں روانہ کردی ہیں۔