جاپان میں نوجوان طبقے میں خود کُشی کا رجحان اس معاشرے کا ایک دیرینہ مسئلہ ہے۔ حکام ایک عرصے سے مختلف طریقوں کے زریعے اس سنگین مسئلے پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم اب تک انہیں کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوئی تھی۔
اب جاپان کے وسط میں حکام نے ایک نئے اور انوکھے طریقہ کار کے ذریعے ملک کے نوجوانوں کو خود کشی جیسے جرم سے روکنے کی کوشش شروع کی ہے۔
ٹائلٹ پیپر اور خودکُشی؟
ٹائلٹ پیپر کا استعمال جن معاشروں میں عام ہے وہاں ہر کسی کی نظر اس پر ضرور پڑتی ہے۔ اگر ٹائلٹ پیپر پر کچھ درج ہو تو یقیناً اس کا استعمال کرنے والا ایک لمحے کے لیے اس پر غور ضرور کرے گا۔ یہی مقصد ہے جاپانی حکام کا، جس کے لیے انہوں نے یہ مہم شروع کی ہے۔ زندگی سے بیزار اور پژمردگی کے شکار نوجوان، جو اپنی جان لینے پر تلے ہوتے ہیں، ان کے لیے ٹائلٹ پیپر پر مختلف پیغامات پرنٹ کیے گئے ہیں، جن پر درج ہے،” ڈیئر صارف، تم شاید اپنی زندگی کا خاتمہ چاہتے ہو۔‘‘
جاپان کے شہر یاماناشی کے ایک حکومتی اہلکار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو ایک اس مہم کے بارے میں بیان دیتے ہوئے کہا،”آپ بیت الخلا میں اکیلے ہیں۔ ہم نے محسوس کیا کہ ایسے لمحات میں آپ کے ذہن میں انتشار اور فشار پیدا ہونے کے زیادہ خطرات پائے جاتے ہیں۔‘‘ ایسی صورتحال میں کوئی ایسا پیغام، جو شاید خود کُشیکا ارادہ رکھنے والے کے ذہن پر فوری طور سے اثر کر جائے، اس مقصد سے ٹائلٹ پیپرز پر مختلف پیغامات چھپوائے گئے ہیں۔
پیغامات کیا ہیں؟
ٹائلٹ پیپر، جو عموماً سفید کاغذ سے بنا ہوتا ہے، اس پر نیلے رنگ سے یہ پیغامات پڑھے جا سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر درج ہے،” پیارے، آپ ایک عرصے سے تکلیف دہ زندگی گزار رہے ہیں، گرچہ آپ دوسروں کے آگے خود کو بالکل ٹھیک پیش کر رہے ہوتے ہیں۔‘‘ ایک اور پیغام جو ٹائلٹ پیپر پر در ج ہے،” آپ کو ہمیں سب کچھ بتانے کی ضرورت نہیں لیکن اگر آپ ہمارے ساتھ اپنی تھوڑی سی کیفیت شیئر کر لیں تو کیسا رہے گا؟‘‘
جاپان میں خود کُشی کی شرح
جاپان میں خود کُشی کی غیر معمولی شرح اس معاشرے کا ایک دیرینہ مسئلہ ہے۔ تاہم گزشتہ برسوں کے دوران دنیا کے چند دیگر ممالک کی طرح جاپان میں بھی کورونا کی وبا خود کُشی کی شرح میں اضافے کا سبب بنی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق 2020 ء میں پرائمری ، سیکنڈری اور ہائی اسکول کی سطح کے طلباء کی خود کُشی سے ہونے والی اموات کی شرح نے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ جاپان کی وزارت صحت کے مطابق محض اس ایک سال یعنی 2020 ء میں 499 ایسی اموات ریکارڈ کی گئیں۔
یاماناشی کے حکومتی عہدیداروں کا خیال ہے کہ ٹائلٹ پیپرز کی شیٹس پر ایسے پیغامات، جو ان پژمردہ انسانوں کو بہتر زندگی کی یقین دہانی کرائیں، انہیںخود کشی سے روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ سات ہی ٹائلٹ پیپرز پر درج ہاٹ لائن نمبر ان نوجوانوں، جو انتہائی پریشانی کا شکار ہیں، کی مدد کا ایک مؤثر اور کامیاب طریقہ ثابت ہو سکتا ہے۔
اس مہم کے تحت ٹائلٹ پیپرز کے 6000 رولز پر پیغامات اور فون نمبر پرنٹ کروائے گئے ہیں۔ انہیں گزشتہ ماہ 12 مختلف علاقوں کی یونیورسٹیوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
ذہنی صحت کے امور کے ماہرین کی طرف سے خاکوں پر مبنی چند پیغامات بھی تیار کیے گئے ہیں، جنہیں ان ٹائلٹ پیپرز پر چھپوایا گیا ہے۔ مثال کے طور پر ایک خاتون جس کے ہاتھ میں چھتری ہے اور وہ آسمان کی طرف دیکھ رہی ہے، یا ایک غیر معمولی شکل کی بلی وغیرہ بنی ہے۔