ہولی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی صرف ایک بہترین اور کامیاب اداکارہ ہی نہیں بلکہ ایک شاندار ہدایت کار بھی ہیں۔انہوں نے 2011 میں فیچر فلم ’ان دی لینڈ آف بلڈ اینڈ ہنی‘ سے اپنی ہدایت کاری کے کیریئر کا آغاز کیا، تاہم اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ فلموں کی ڈائیریکشن بھی کرسکتی ہیں۔
ڈیڈلائن کی رپورٹ کے مطابق 42 سالہ اداکارہ کے مطابق انہوں نے کبھی فلموں کی ہدایت کاری کرنے کا منصوبہ نہیں بنایا، البتہ وہ دنیا کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے اداکاروں کے ساتھ ضرور کام کرنا چاہتی تھیں۔
انجلینا جولی کا کہنا تھا کہ ’میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں کوئی فلم بنا پاوں گی یا اس کی کہانی تحریر کروں گی، میرا ایسا کوئی پلان نہیں تھا، میں مختلف ثقافتوں کے بارے میں جاننا چاہتی ہوں، اور اس کے لیے ہدایت کاری سے بہتر کوئی طریقہ نہیں‘۔
ہولی وڈ اداکارہ اب تک 6 فلموں کی ہدایات دے چکی ہیں، جن میں 2007 کی ’اے پلیس ان ٹائم‘، 2014 کی ’ان بروکن‘، 2015 کی ’بائے دی سی‘ اور 2017 میں جلد ریلیز ہونے والی فلم ’فرسٹ دے کلڈ مائے فادر‘ شامل ہیں۔