رواں ہفتے دیپکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کے بعد کم از کم ایک خفیہ پریم کہانی تو عام ہوئی جبکہ دوسری پریم کہانی یعنی پرینکا چوپڑہ اور انکے پردیسی بوائے فرینڈ نِک جونز کی کہانی غالباً دو دسمبر کو سب کے سامنے ہوگی۔
اب باقی ہے تیسری اور چھوتھی یعنی رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ اور ارجن کپور اور ملائکہ اروڑہ خان کی کہانی۔ اب یہ کب تک صیغۂ راز میں رہے گی یہ تو وقت ہی بتائے گا۔
پرینکا سے یاد آیا کہ حال ہی میں جب فلم زیرو کے پروموشن کے دوران نامہ نگاروں نے شاہ رخ سے پرینکا کی شادی پر ردِ عمل جاننا چاہا تو انھوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ بھائی مجھ سے کیوں پوچھ رہے ہو میں تو بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ ہوں۔
دیوانے تو آپ تھے خان صاحب لیکن لگتا ہے ‘ڈان’ اپنی جنگلی بِلی کو بھول گیا ہے اور کیوں نہ ہو کیونکہ ڈان کی چوری پکڑنا مشکل ہی نہیں نا ممکن ہے۔