اوٹاوا، 05 اکتوبر (یو این آئی) کناڈا کے اولڈ مونٹریال میں جمعہ کی صبح ہاسٹل کی عمارت میں بھیانک آگ لگ گئی جس میں کم از کم دو لوگوں کی موت ہوگئی۔ یہ اطلاع مقامی میڈیا نے دی۔ مونٹریال کی پولس نے کہا کہ آتشزدگی کی نوعیت مشکوک ہے اور اس کی وجہ معلوم نہیں ہے، یہ آگ نوٹری ڈیم اور بونسکورس گلیوں کے کونے میں واقع عمارت میں رات 2 بجے کے قریب لگی۔
اطلاعات کے مطابق آتشزدگی سے 100 سال پرانی تین منزلہ عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی، جس کی دوسری اور تیسری منزل پر لی 402 نامی ہاسٹل اور مرکزی منزل پر ایک ریستوراں تھا۔
پولس نے جمعہ کی سہ پہر نیوز کانفرنس میں کہا کہ اس وقت ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق نہیں کی جا سکتی ہے کیونکہ تفتیش کار ابھی تک جائے وقوعہ پر نہیں پہنچے ہیں۔
سی بی سی نیوز نے کہا کہ میونسپل ٹیکس کے ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ عمارت ایمیل ہیم بینامور کی ملکیت ہے، جس نے 2021 میں وہاں 20 کمروں کا ہوٹل بنانے کی اجازت کی درخواست کی تھی۔ اس میں کہا گیا ہے کہ وہ وہی شخص ہے جو اولڈ مونٹریال کے پلیس ڈی یوویل میں واقع عمارت کا مالک ہے، جہاں مارچ 2023 میں آگ لگنے سے سات افراد ہلاک ہوئے تھے۔