برطانوی میڈیا کے نگراں ادارے آفکام نے ایک اردو ٹی وی چینل کا لائسنس اس کے نشریات شروع کرنے سے پہلے ہی منسوخ کر دیا ہے۔
آفکام کا فیصلہ گذشتہ سال اکتوبر میں بی بی سی ریڈیو فور کے پروگرام فائل آن فور کے بعد عمل میں آیا ہے جس میں برطانیہ میں شائع ہونے والے اردو اخبارات، ٹی وی چینلوں اور ریڈیو سٹیشنوں کا جائزہ لیا گیا تھا۔
پروگرام کی تیاری کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کہ اردو اخبار اوصاف کے لندن ایڈیشن میں شائع ہونے والے چند مضامین میں القاعدہ کے بانی اسامہ بن لادن، افغان طالبان کے رہنما ملا عمر، انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں برسرِ پیکار کالعدم شدت پسند تنظیموں کے سربراہان کی تعریف کی گئی ہے۔
بی بی سی کے پروگرام کے بعد یہ سوال اٹھایا گیا تھا کہ آیا ایک اخبار کی انتظامیہ جس میں اس نوعیت کا مواد شائع ہو رہا ہے آفکام کی طرف سے جاری کردہ براڈکاسٹ لائسنس رکھنے کے لیے موزوں ہے۔
اسی بنیاد پر آفکام نے 18 اکتوبر کو خود اوصاف یوکے لمیٹڈ کے بارے میں اپنی تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور اوصاف کی انتظامیہ سے اوصاف اخبار اور اوصاف ٹی وی کے مابین تعلق سے متعلق وضاحت طلب کی تھی۔
اوصاف انتظامیہ کو سات نومبر کو ایک اور مراسلہ بھیجا گیا اور آفکام نے اپنے فیصلے میں اوصاف انتظامیہ کی طرف سے 23 اکتوبر اور 10 نومبر کو موصول ہونے والے موقف کا ذکر کیا ہے۔